
واٹر پروف موبائل ، ڈسٹ پروف موبائل ، واٹر پیک، حقیقت کیا ہے ؟Waterproof mobile, Dust proof mobile, water pack mobile.
واٹر پروف Waterproof mobile، ڈسٹ پروف ، واٹر پیک موبائل فون ۔IP68
آج کل موبائل فون میں واٹر پروف Waterproof mobile یا واٹر پیک Water pack کا ٹرینڈ بہت زیادہ چل رہا ہے ۔۔
واٹر پروف کا مطلب کہ یہ موبائل فون پانی سے محفوظ ہے ۔۔
ڈسٹ پروف کا مطلب کہ یہ فون ، مٹی دھول سے محفوظ ہے ۔
ہمارے پاس دکان پر اکثر لوگ ، موبائل لیتے وقت یہی پوچھتے ہیں کہ یہ واٹر پروف ہے یا نہیں ؟ یعنی وہ چاہتے ہیں کہ یہ فیچر ضرور ملے ۔
موبائل کمپنیاں لوگوں کی نفسیات اچھی طرح سمجھتی ہیں ۔۔
کہ عوام کس سے چیز سے مطمئن ہوتے ہیں ۔ واٹر پروف یا واٹر پیک ایسی اصطلاح ہے ، جہاں لوگ موبائل فون کے باقی اہم فیچرز یا Specifications بھول جاتے ہیں ۔۔کوئی بھی موبائل لیتے وقت سب سے اہم چیز ، اس کا پروسیسر ہوتا ہے ۔۔ پھر ڈسپلے ، کیمرہ ، بیٹری ، چارجر ، پھر باقی فیچرز ۔ ان میں سے ایک فیچر واٹر پروف بھی ہے ۔۔ پروسیسر ، ڈسپلے ، کیمرہ کو چھوڑ کر ، واٹر پروف فیچر کو ایسے نمایاں کر کے پیش کیا جاتا ہے ، کہ لوگ سمجھتے ہیں کہ یہ فون اگر واٹر پروف ہے تو پھر ہر حال میں یہی لینا چاہیے ۔
یہاں ایک نفسیاتی ٹِرک بہت کارگر رہتی ہے ۔۔ آپ نے اکثر نوٹ کیا ہوگا کہ جو Waterproof mobile واٹر پروف موبائل ہوتے ہیں تو کمپنیاں اور دوکاندار اس کی ہر جگہ پروموشن کرتے نظر آتے ہیں ، حتیٰ کہ کچھ دوکاندار اپنی دکان پر ، پانی سے بھراایک چھوٹا باکس رکھ لیتے ہیں ۔۔ اور Waterproof mobile کو پانی میں دھو کر دیتے ہیں ۔۔ اور کسٹمرز موبائل کو پانی میں نہاتا دیکھ کر خود بھی سرشار ہوجاتے ہے کہ اب تو یہی فون ہی لینا ہے ۔حالانکہ واٹر پروف ہونا ، یہ صرف حفاظتی فیچر ہے ، کہ اگر خدانخواستہ فون پانی میں گر جائے یا ۔۔ بارش وغیرہ میں گیلا ہو جائے تو موبائل کو کوئی نقصان نہ پہنچے ۔ لیکن اس کا یہ مطلب بالکل نہیں ہے کہ موبائل کو سوئمنگ پول میں ساتھ نہانے لے جائیں ۔۔ یا پانی میں ویڈیو بناتے پھریں ۔
موبائل فون کمپنیاں ، واٹر پیک Water pack یہ Waterproof Mobile کا دعویٰ ضرور کرتی ہیں ، لیکن اگر اس دوران موبائل خراب ہو گیا تو کمپنی کی کوئی ذمہ داری نہیں ہوگی ۔۔ آپ کو خود ہی بنوانا پڑے گا ۔ یا پھر موبائل سے ہی ہاتھ دھونا پڑے گا ۔۔ تو ، صرف واٹر پروف کے ششکے کیلئے اپنا موبائل فون خراب نہ کیجیے ۔
سو ! موبائل لیتے وقت Waterproof mobile فیچر کو مدنظر ضرور رکھنا چاہیے لیکن صرف یہی ایک فیچر مد نظر نہ ہو بلکہ جو سب سے اہم چیزیں ہیں پروسیسر ، ڈسپلے ، کیمرہ وغیرہ ، اِن کو پہلے نمبر پر رکھنا چاہیے ۔
اور یہ چیزیں کیسے چیک کی جائیں ۔۔ یا ایک عام بندہ جو موبائل ٹیکنالوجی کے متعلق زیادہ نہیں جانتا ، وہ کیسے اپنے لیے خود بہترین فون کا انتخاب کر سکتا ہے ۔۔ یعنی ایسا فون ، جو کسی کے بھی اپنے بجٹ کے حساب سے بہترین ہو ۔ ہمارا اگلا آرٹیکل اسی موضوع پر ہوگا ۔ ان شاءاللہ ۔
واٹر پروف موبائل Waterproof mobile خود چیک کریں ۔
موبائل واٹر پروف ہے یا نہیں ۔۔ ہم خود یہ چیک کر سکتے ہیں ۔۔ کسی دوسرے پر انحصار کرنے کی بجائے ، خود گوگل پر جا کر اس متعلق سرچ کر سکتے ہیں ۔۔ اس کی تفصیل کچھ یوں ہے ۔۔
ہمارے ہاتھ میں موجود موبائل یا دوسری الیکٹرانکس چیزیں ، دھول مٹی اور پانی سے کتنی حد تک محفوظ ہیں ۔۔اس کیلئے کلیہ استعمال ہوتا ہے IP کا ۔آئی پی یعنی ۔ IP .. Ingress protection
اس میں دو نمبر لکھے ہوتے ہیں ۔ جیسے مثلاً IP54 … IP 68 … IP 69 ۔۔ یہ 54 دو نمبر ہیں ۔۔ 5 اور 4 ۔ یا 68 میں 6 اور 8 اسی طرح 69 میں ، 6 اور 9 ۔دونوں الگ الگ چیزیں بتاتے ہیں ۔۔
یہ IP میں موجود پہلا نمبر بتاتا ہے کہ یہ ڈیوائس دھول مٹی سے کتنی محفوظ ہے ۔۔ جیسے IP54 میں 5 کا ہندسہ ۔اور دوسرا ہندسہ بتاتا ہے کہ یہ ڈیوائس پانی سے کتنی حد تک محفوظ ہے ۔۔ جیسے IP 54 ۔ میں 4 کا ہندسہ ۔
پہلا ہندسہ یعنی جو دھول مٹی سے حفاظت کو ظاہر کرتا ہے ، اس کی ریٹنگ 1 سے 6 تک ہوتی ہے ۔1 کا مطلب ، دھول مٹی سے بالکل محفوظ نہیں ۔6 کا مطلب دھول مٹی سے مکمل محفوظ ہے ۔دوسرا ہندسہ جو پانی وغیرہ سے حفاظت ظاہر کرتا ہے ،اس کی ریٹنگ 1 سے 9 تک ہوتی ہے ۔ 1 کا مطلب ، پانی سے بالکل محفوظ نہیں ۔9 کا مطلب پانی وغیرہ سے مکمل محفوظ ہے ۔۔ مطلب Waterproof Mobile واٹر پروف موبائل ۔
اب 1 سے 6 تک / 1 سے 9 تک کے درمیانی ہندسوں کا کیا مطلب ہے ۔۔ آئیں ، سمجھتے ہیں ۔
نمبر ( 1 ) صرف بڑی چیزوں سے محفوظ ہے، مٹی آسانی سے اندر جا سکتی ہے۔
( 2 ) کیڑا مکوڑا یا معمولی چیز نہ جا سکے، مٹی پھر بھی جا سکتی ہے۔
( 3 ) اوزار، موٹے تار اندر نہ جا سکیں، لیکن گرد وغبار سے بھی مکمل محفوظ نہیں۔
( 4 ) عام مٹی یا کیڑے مکوڑے اندر جانے سے کافی حد تک بچاؤ ہے۔
( 5 ) تھوڑی بہت مٹی جا سکتی ہے، لیکن ڈیوائس کو نقصان نہیں ہوتا۔ (جزوی ڈسٹ پروف)
( 6 ) مکمل طور پر مٹی، گردوغبار اور ریت سے بچاؤ ہے (100 % ڈسٹ پروف )-
واٹر پروف Waterproof
( آئی پی ریٹنگ میں دوسرا ہندسہ: 1 سے 9 تک – آسان الفاظ میں )
( 1 ) اوپر سے گرنے والی پانی کی ہلکی بوندوں سے محفوظ ہے۔
( 2 ) ہلکی بارش یا بوندوں سے بھی محفوظ ہے۔
( 3 )ہلکے اسپرے یا چھینٹوں سے بھی محفوظ ہے، جیسے شاور کے کنارے کھڑے ہوں۔
( 4 ) ہر طرف سے ہلکی پھوار یا بارش پڑے تو بھی ڈیوائس محفوظ رہتی ہے۔
( 5 ) نلکے یا ہلکی پریشر والی پانی کی دھار سے ڈیوائس محفوظ ہے۔
( 6 ) تیز پانی کے پائپ یا موٹر پمپ کی دھار سے بھی نقصان نہیں ہوگا۔
( 7) اگر فون 1 میٹر گہرے پانی میں 30 منٹ کے لیے گر جائے، تب بھی محفوظ رہے گا۔
( 8 ) فون زیادہ گہرے پانی (1.5 میٹر یا زیادہ) میں بھی کچھ وقت کے لیے محفوظ رہتا ہے۔
( 9 ) فون بہت تیز، گرم پانی کے جیٹ یا پریشر سے بھی محفوظ ہے — جیسے کار واش یا فیکٹری کا پمپ ۔
آئی پی IP یعنی Ingress Protection ریٹنگ کی چند عام مثالیں – مکمل وضاحت کے ساتھ۔
✅ IP54
5 ( دھول ) تھوڑی مٹی جا سکتی ہے لیکن نقصان نہیں ہوگا۔
4 ( پانی ) ہلکی بارش یا پانی کی پھوار سے محفوظ ہے۔ مطلب : عام حالات میں محفوظ، لیکن نہ مکمل واٹر پروف ہے، نہ مکمل ڈسٹ پروف۔
✅ IP65
6 ( دھول ) مکمل ڈسٹ پروف — مٹی اندر نہیں جا سکتی۔
5 ( پانی ) نلکے یا ہلکی دھار کے پانی سے محفوظ ہے۔ مطلب : باہر کے استعمال کے لیے بہتر ہے، جیسے دھول اور بارش والی جگہ پر۔
✅ IP67
6 ( دھول ) مکمل طور پر دھول سے محفوظ۔
7 ( پانی ) ایک میٹر گہرے پانی میں 30 منٹ تک محفوظ۔ مطلب : اگر فون اچانک پانی میں گر جائے تو نقصان نہیں ہوگا۔
✅ IP68
6 ( دھول ) 100% دھول پروف
8 ( پانی ) گہرے پانی میں بھی محفوظ مطلب : مکمل واٹر پروف + مکمل ڈسٹ پروف — فلیگ شپ موبائلز میں ہوتا ہے۔
یہ کلیہ صرف موبائل فون میں استعمال نہیں ہوتا ۔۔ بلکہ دوسری الیکٹرانکس چیزوں میں بھی یہی کلیہ استعمال ہوتا ہے ۔۔ یعنی IP والا ۔ آپ ، سکیورٹی کیمرہ یا آؤٹ ڈور لائٹ لیں تو اس پر بھی یہی آئی پی نمبر لکھا ہوتا ہے ۔۔ اس سے اپ اندازہ لگا سکتے ہیں کہ یہ ڈیوائس باہر اگر بارش یا دھول مٹی میں کھڑی رہیں تو کس حد تک محفوظ ہوں گی ۔
بہرحال موبائل ڈیوائس لیتے وقت ، یہ ذہن میں رکھنا چاہیے ، کہ کم از کم آئی پی 65 ہو ۔۔ یعنی ڈسٹ سے موبائل فون مکمل محفوظ ہو اور پانی سے اتنا محفوظ ہو کہ بارش وغیرہ میں اگر گیلا ہو جائے تو موبائل خراب نہ ہو ۔
امید ہے آپ کو Waterproof mobile, Dust proof mobile کی کہانی سمجھ آ چکی ہوگی ۔
کومنٹ سیکشن میں اس آرٹیکل کے متعلق اپنی رائے دے سکتے ہیں۔ آپ کا ایک کومنٹ ہماری حوصلہ افزائی کرے گا ۔
اگر آپ ڈبہ پیک موبائل لینا چاہتے ہیں ، اور کنفیوژ ہیں کہ کون سا فون لیا جائے ، تو اس متعلق ہمارا تفصیلی آرٹیکل موجود ہے ۔
https://ziamobiletech.com/pta-approved-cpid-patch-phone/
گوگل پکسل فون لینے سے پہلے یہ آرٹیکل ضرور پڑھ لیں
https://ziamobiletech.com/google-pixel-phone/
آئی پی کے متعلق آپ وکیپیڈیا سے بھی معلومات حاصل کر سکتے ہیں ۔
http://IP code – Wikipedia https://share.google/ZAbUUej5AceQNyb2U
کمال کا آرٹیکل۔ بہت شکریہ
شکریہ ❤️
ماشاءاللہ اپ کا ارٹیکل بہت اچھا تھا۔مہربانی کر کے ہیکنگ کے اوپر مزید ارٹیکل لکھیں۔
جی ضرور ۔ ان شاءاللہ
ایک بہترین اور معلوماتی تحریر – شاید ہی کسی نے اردو زبان میں اتنی تفصیل سے لکھ کر سمجھایا ہو – شکریہ
بہت شکریہ ❤️